وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے احتجاج کی کال دی تھی اور لوگوں کو بلایا ان سب کو نہیں چھوڑیں گے، پولیس اہلکار کے قتل کی ایف آئی آر ان سب افراد پر درج ہوگی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے لیے گولی کا جواب گولی سے دینا آسان تھا مگر پولیس نے گولی کا جواب ربڑ بلٹ سے دیا ہے اور آنسو شیل سے دیا۔
وزیر داخلہ نے کہا شہیدوں کی فیملی سے وعدہ ہے ان کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، جن لوگوں نےاحتجاج کی کال دی وہ سب پولیس اہلکار کی شہادت کے ذمہ دار ہیں، مبشر اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے شہید ہوئے۔
انھوں نے کہا ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی، اسلام آباد پولیس کے 2 جوان شدید زخمی ہیں۔ تمام لوگوں کے خلاف مقدمات درج ہوں گے، پنجاب پولیس کا بہت نقصان ہوا۔
وزیر داخلہ نے کہا پولیس اہلکاروں پر گولیاں چلائی گئیں لیکن ہم نے گولی کا جواب نہیں دیا، ہم صورتحال اور ملک کو محفوظ بنانے کےلیے تیار ہیں۔
آئی پنجاب نے شہید پولیس اہلکار مبشر بلال کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہمارے 119 لوگ زخمی ہیں جبکہ 22 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا۔
انھوں نے کہا ہماری 2 لاکھ سے زائد کی فورس ہے، ہم نے اسلحہ کا استعمال نہیں کیا، ہم ملک کو محفوظ بنانے کےلیے تیار ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ ہم نے کسی پر گولی کا استعمال نہیں کیا اور نہ کرنا چاہتے ہیں۔