سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج میں شریک ہونے کے لیے پشاور سے روانہ ہو گئیں۔
پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل شیخ وقاص اکرم نے ایکس اکائونٹ پراپنی پوسٹ میں کہا کہ محترمہ بشریٰ بی بی پشاور سے نکلنے والے تحریک انصاف کے سب سے بڑے قافلے کا حصہ ہیں۔ قافلہ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں پشاور سے روانہ ہو چکا ہےاور بشریٰ بی بی ورکر کے شانہ بشانہ عمران خان صاحب کے دیے گئے اہداف کے حصول کے لیے اسلام آباد جا رہی ہیں ۔ان کا یہ کہنا ہے کہ ورکر کو اس وقت اکیلا نہیں چھوڑا جا سکتا اگر ہم ورکر سے اس کی فیملی کی شمولیت کی توقع رکھتے ہیں تو عمران خان کی فیملی سب سے پہلے اس مارچ کا حصہ ہوگی اورعمران خان کے دیے گئے اہداف کامیابی سے حاصل کریں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق بشریٰ بی بی ایک الگ گاڑی میں روانہ ہوئیں اور صوبائی وزیر پختون یار نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بشریٰ بی بی پی ٹی آئی کے احتجاجی قافلے کا حصہ ہیں۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور قافلے کی قیادت کر رہے ہیں۔
دوسری جانب بشریٰ بی بی کی ترجمان مشال یوسفزئی نے علی امین گنڈا پور اور بشریٰ بی بی کے درمیان احتجاج کی قیادت کے حوالے سے تنازع کی خبروں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کے درمیان اس معاملے پر کوئی اختلاف نہیں ہے۔