پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹ میں بیرسٹر علی ظفر کو اپنا پارلیمانی لیڈر نامزد کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے چئیرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا۔ بیرسٹر گوہر نے چئیرمین سینیٹ سے بیرسٹر علی ظفر کی بطور پارلیمانی رہنما تقرری کے نوٹیفکیشن کے اجرا کی سفارش کر دی۔
مزید پڑھیں: رانا ثنا اللہ کو وزیراعظم کا مشیر برائے سیاسی امور مقرر کر دیا گیا
دوسری جانب رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو چیئرمین پی اے سی نامزد کرنے پر حکومت نے تحفظات کا اظہار کردیاہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے ایک بار پھر اپوزیشن کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لیے شیر افضل مروت کے نام پر نظرثانی کا پیغام بھیجا ہے۔بتایا گیا ہے کہ حکومت نے عہدے کے لیے اپوزیشن کی جانب سے کوئی اور نام سامنے نہ لانے کی صورت میں اپنا امیدوار لانے کا بھی عندیہ دیا ہے جب کہ شیر افضل مروت کو چیئرمین پی اے سی بنانے کے لیے اپوزیشن کو حکمران اتحاد کے تعاون کی ضرورت ہوگی کیوں کہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بننے کے لیے کسی بھی امیدوار کا کم از کم 15 ووٹ حاصل کرنا ضروری ہوگا۔
مزید پڑھیں: بجٹ میں تنخواہوں میں اضافے کی کوشش کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کیلئے شیرافضل مروت کا نام فائنل کیا تھا، اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے بتایا تھاکہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لیے شیر افضل مروت کا نام فائنل کیا گیا ، عمران خان نے شیر افضل مروت کا نام مشاورت کے بعد فائنل کیا تھا۔