حکومت نے سابق وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کو وزیراعظم کا مشیر برائے سیاسی امور مقرر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے رانا ثناء اللہ کی وزیرِاعظم کے مشیر برائے سیاسی امور تعیناتی کی منظوری دے دی ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ کو وفاقی وزیر کا درجہ حاصل ہوگا ،صدر مملکت نےوزیراعظم کی سفارش پر آئین کے آرٹیکل 93 ایک کے تحت تعیناتی کی منظوری دی۔ ن لیگ کے گزشتہ دور میں رانا ثنا اللہ وفاقی وزیر داخلہ رہے تاہم اس بار وہ عام انتخابات میں فیصل آباد سے اپنی نشست ہار گئے تھے۔ تاہم اب انہیں وفاقی کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ دو روز قبل وزیرخارجہ اسحاق ڈار کو ڈپٹی وزیراعظم مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف ،اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے ملک پر مسلط ہونا چاہتی ہے، رانا ثنا اللہ
دوسری جانب رانا ثنا اللہ نے نواز شریف سے دوبارہ پارٹی صدارت سنبھالنے کی درخواست بھی کر رکھی ہے۔ن لیگ پنجاب نے جمعہ کے روزایک تنظیمی اجلاس میں نواز شریف کو پارٹی صدر بنانے کے حق میں متفقہ قرارداد منظور کی تھی۔ اجلاس کے بعد صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ نواز شریف سے پارٹی قیادت دوبارہ سنبھالنے کی درخواست کردی ہے، نواز شریف دوبارہ پارٹی کی قیادت کریں گے اور وہ عدالتوں سے سرخرو ہوئے ہیں، ن لیگ پنجاب کے اجلاس کی تجاویز چین سے واپسی پر نوازشریف کو پیش کی جائیں گی۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نواز شریف کو سازش کے تحت عہدے سے ہٹایا گیا تھا، مسلم لیگ (ن) پنجاب کی خواہش ہے کہ نواز شریف دوبارہ پارٹی کی صدارت کا منصب سنبھالیں اور اس مشکل وقت میں پارٹی کی قیادت کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کا بیانیہ تبدیل نہیں ہوا، 2017 میں جبر ہوا تھا اور میاں نواز شریف کو پارٹی سے الگ کیا تھا جس کے بعد ہم نے پارٹی کے آئین میں قائد کا عہدہ بنایا تھا اور اب بھی وہی بیانیہ رہے گا جو نواز شریف دیں گے، چاہے وہ مفاہمت کا ہو یا مزاحمت کا ہو، پارٹی اُسی بیانیے پر چلے گی جس کی منظوری نواز شریف دیں گے۔