کراچی میں انٹرسال اول 2024 کے متنازع نتائج کا ایک اور کیس سامنے آ گیا ہے اور ایک گرلز کالج کی طالبہ تمام پرچوں میں فیل قرار دے دی گئی ہے۔
کراچی میں انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے نتائج دو سال سے متنازع ہو رہے ہیں، حال ہی میں گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج اورنگی ٹاؤن کی اے ون گریڈ لینے والی طالبہ شگفتہ عالم تمام پرچوں میں فیل قرار دی گئی ہے۔
شگفتہ عالم نے 2024 میں پری میڈیکل کے پرچے دیے تھے اور جب نتیجہ سامنے آیا تو یہ دیکھ کر حیران رہ گئی کہ وہ تمام پرچوں میں فیل ہے جبکہ اس نے میٹرک میں 82.73 فیصد نمبروں کے ساتھ اے ون گریڈ حاصل کیا تھا۔
طالبہ نے کاپیوں کی چیکنگ کے نظام کو ناقص قرار دیتے ہوئے نتائج کی دوبارہ جانچ پڑتال کا مطالبہ کیا ہے جب کہ انٹربورڈ کی انتظامیہ نے نتائج پر اعتراض کرنے والے امیدواروں کو اسکروٹنی فارم جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
اس حوالے سے انتظامیہ انٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ امتحانی کاپیوں کی شفاف جانچ پڑتال کی جائے گی، اس موقع پر متعلقہ مضمون کا پروفیسر بھی موجود ہوگا جبکہ والدین کی موجودگی میں امیدوار کو اس کی امتحانی کاپی بھی دکھائی جا سکتی ہے۔
انٹر بورڈ کے نتائج متنازع ہونے اور طلبہ کے احتجاج کے بعد بورڈ چیئرمین کو ہٹا کر میٹرک بورڈ کے چیئرمین شرف علی شاہ کو انٹر بورڈ کا قائم مقام چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔