ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں معروف چِپ ساز کمپنی اینویڈیا نے اعلان کیا ہے کہ وہ مئی میں اپنا پہلا پرسنل اے آئی سپر کمپیوٹر، ’پروجیکٹ ڈیجیٹس‘ متعارف کروا رہی ہے۔
یہ کمپیوٹر جدید گریس بلیک ویل سپرچِپ سے لیس ہوگا جو مصنوعی ذہانت کے پروگرامز کے لیے بے مثال پروسیسنگ پاور فراہم کرے گا۔ اینویڈیا کے مطابق، پروجیکٹ ڈیجیٹس ایک ایسا کمپیکٹ سسٹم ہوگا جو نہ صرف عام ڈیسک پر فٹ آسکے گا بلکہ عام بجلی کے ذرائع سے بھی چل سکے گا۔
یہ حیرت انگیز کمپیوٹر مصنوعی ذہانت کے پروگرامز کو 200 بلین پیرامیٹرز کے ساتھ پروسیس کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کی ابتدائی قیمت 3,000 ڈالرز مقرر کی گئی ہےجو اسے سائنسدانوں، محققین اور طلبہ کے لیے قابلِ حصول بناتی ہے۔ اینویڈیا کے سی ای او جینسن ہوانگ کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت اب ہر صنعت اور ایپلیکیشن کا اہم حصہ بن چکی ہے۔ یہ نئی سپرچِپ لاکھوں ڈویلپرز کو جدید اے آئی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کرے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر محقق اور سائنسدان کے پاس اس نوعیت کا اے آئی سپر کمپیوٹر ہونا، انہیں نئی ایجادات اور تحقیق میں مدد دے گا۔