پنجاب حکومت نے کم بجلی استعمال کرنیوالوں کو 1 کے وی سولر سسٹم دینے کی منظوری دیدی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ پنجاب میں گھرانوں کو سولر سسٹم دیں گی تاکہ کم بجلی استعمال کرنیوالے گھرانے بھاری بھرکم بلو ں کے بوجھ سے بچ سکیں۔ اسی وعدے کی تکمیل کی جانب قدم بڑھاتے ہوئے آج وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں ایک کلو واٹ کے سولر سسٹم پر ٹیکنیکل امور پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فوری طور پر پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کی ہدایت کی ، انہوں نے مختلف گھروں میں ون کے وی سولر سسٹم لگا کر افادیت کا جائزہ لینے کا حکم بھی دیا۔100یونٹ تک بجلی خرچ کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین اہل ہوں گے،ون کے وی سسٹم میں 2 سولر پلیٹیں، بیٹری، انورٹر اور تاریں دی جائیں گی۔ون کے وی سولر سسٹم سے پنکھے، لائٹیں، چھوٹی موٹر وغیرو چلائی جا سکیں گی،لتھیم آئرن بیٹری کے ذریعے 16گھنٹے تک بیک اپ حاصل کیا جا سکے گا۔اجلاس میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل سولر سسٹم انسٹال کرنے کی ہدایت کی گئی،بہترین کوالٹی کی سولر پلیٹس، انورٹر،بیٹریاں اور دیگرسامان استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا گھریلو صارفین کیلئے سولر سسٹم کا دائرہ کار بتدریج بڑھایا جائے گا،روشن پنجاب پروگرام کا مقصدغریب آدمی کو مہنگی بجلی سے نجات دلانا ہے۔
دوسری جانب حکومت سندھ نے بھی مستحق افراد کو 300یونٹ تک کے سولر سسٹم دینے کا اعلان کررکھا ہے۔چند دن قبل سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما خورشیدشاہ نے کہاتھا کہ ہم 300یونٹ تک کے سولر سسٹم دیں گے مگر اس میں ابھی وقت لگے لگا ،ہماری کوشش ہو گی کہ اس اقدام کو جتنا جلدی ہوسکے پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔ پیپلزپارٹی نے انتخابی منشور میں حکومت بننے کے بعد 300 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو بجلی مفت فراہم کا اعلان کیا تھا ۔