قومی اسمبلی میں پبلک اور کارپوریٹ سیکٹر کے ملازمین کو سالانہ اربوں روپے کی مفت بجلی دینے کا انکشاف ہوا ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران وقفہ سوالات میں وزارت توانائی نے اربوں روپے کی مفت بجلی دیے جانے کا انکشاف کیا، دستاویزات کے مطابق پبلک اور کارپوریٹ سیکٹر کے 2 لاکھ ملازمین کو 44 کروڑ 15 لاکھ یونٹ سالانہ مفت بجلی دی گئی۔
حاضر سروس ملازمین کو سالانہ 30 کروڑ 82 لاکھ یونٹ بجلی مفت دی گئی، دستاویز کے مطابق ریٹائر ملازمین کو 13 کروڑ 32 لاکھ یونٹ بجلی مفت دی گئی۔
ڈسکوز کے ایک لاکھ 49 ہزار ملازمین کو مفت بجلی دی گئی۔ این ٹی ڈی سی کے 26 ہزار 368 ملازمین، جینکو کے 12 ہزار ملازمین کو مفت بجلی دینے کا انکشاف کیا گیا ہے۔
واپڈا کے 12 ہزار 700 اور پی آئی ٹی سی کے 159 ملازمین کو مفت بجلی کی سہولت دی گئی۔ ڈسکوز کے 78 ہزار حاضر سروس اور 71 ہزار 800 ریٹائرڈ ملازمین کو مفت بجلی دینے کا انکشاف ہوا۔ این ٹی ڈی سی کے 20 ہزار حاضر سروس اور 6 ہزار ریٹائرڈ ملازمین نے مفت بجلی سے فائدہ اٹھایا۔
دستاویزکے مطابق جینکو کے 7 ہزار 500 حاضر سروس اور 5 ہزار ریٹائرڈ ملازمین مفت بجلی سے مستفید ہوئے۔ واپڈا کے 7 ہزار 315 حاضر سروس اور 5 ہزار 381 ریٹائرڈ ملازمین بھی مفت بجلی سے مستفید ہوئے۔