سرکاری حج اسکیم میں عازمین نے 48 ارب 90 کروڑ روپے جمع کرا دیے۔
وزارت مذہبی امور کو عازمین حج سے اخراجات کی دوسری قسط بھی موصول ہو گئی، 81 ہزار 500 عازمین حج سے دو اقساط میں مجموعی طور پر 48ارب 90 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔
وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق عازمین حج سے درخواستوں کے ہمراہ پہلی قسط کے طور پر دو لاکھ روپے فی کس وصول کیے گئے۔ عازمین حج نے پہلی قسط کی مد میں 16 ارب 30 کروڑ روپے جمع کرائے۔
دوسری قسط کے طور پر عازمین حج نے چار لاکھ روپے فی کس جمع کرائے، حج اخراجات کی دوسری قسط 27 دسمبر سے دو جنوری تک مقامی بینکوں کے ذریعے وصول کی گئی۔
حج اخراجات کی مد میں دوسری قسط کی مد میں عازمین سے 32 ارب 60 کروڑ روپے وصول کئے گئے، سرکاری اسکیم کے تحت عازمین حج سے مجموعی طور پر تقریباً 100 ارب روپے وصول کئے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت عازمین سے تیسری اور آخری قسط فروری کے دوسرے ہفتے میں وصول کی جائے گی۔ عازمین کی رہائش، ٹکٹ، ٹرانسپورٹ، خوراک اور دیگر امور کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ اخراجات کی آخری قسط حج پیکج کی حتمی تعین کے بعد وصول کی جائے گی۔