وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں تعلیم کے فروغ کے لئےتعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کردیا۔
تعلیم کے شعبہ سے متعلق اسلام آباد میں قومی کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی، پاکستانی قوم عزم و حوصلہ سے کسی بھی چیلنج پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے، ملک میں تعلیمی شعبہ کی میں بذات خود خود نگرانی کروں گا، ہم یکسو ہو کر چلیں تو پاکستان ہر شعبے میں دنیا میں اپنا نام پیدا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں 2 کروڑ 60 لاکھ بچے اور بچیاں سکول سے باہر ہیں جن کو سکولوں میں داخل کرایا جائے گا ، تعلیم کے فروغ کے لئے مالی وسائل کی فراہمی سب سے بڑا مسئلہ ہے لیکن جب عزم پختہ ہو تو چیلنجز پر قابو پانا کوئی مشکل کام نہیں اور نہ ہی نا ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2008ء سے 2018ء کے درمیان ہم نے پنجاب میں تعلیم کے شعبہ کی ترقی کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات اٹھائے، اس کے ساتھ ساتھ پنجاب کے دانش سکولوں میں غریب طلباء کو اعلیٰ معیار کی تعلیم کی فراہمی کو ہم نے یقینی بنایا ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ سکولوں سے باہر بچوں کو تعلیم کی فراہمی کا چیلنج مشکل ہے ناممکن نہیں، شعبہ تعلیم کیلئے میں چاروں صوبائی وزراء اعلیٰ سے ملاقات بھی کروں گا۔
تعلیم کا شعبہ فور ی توجہ کا متقاضی ہے، خالد مقبول صدیقی
اس موقع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرتعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھاکہ تعلیم کا شعبہ فور ی طور پر توجہ کا متقاضی ہے، 2 کروڑ 60 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں، اتنی بڑی تعداد میں بچوں کو سکول سے باہر ہونا تشویش کا باعث ہے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں یونیسیف کے نمائندے عبداللہ اے فاضل نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے تعلیم کے اہم شعبے پر توجہ مرکوز کرنا باعث اطمینان ہے۔ جی ڈی پی میں تعلیم کاحصہ انتہائی کم ہے۔ تعلیم کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔ دریں اثنا ء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان میں سکول نہ جانے والے بچوں کو تعلیم کی فراہمی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ دنیا بھر میں سکول سے باہر بچوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا فوری اقدامات کے ذریعے سکولوں میں بچوں کے اندراج کی شرح بڑھانا ہوگی۔ برطانیہ تعلیم کے شعبے کی ترقی کےلئے پاکستان کی بھرپور معاونت کرے گا۔ تعلیم سے متعلق 2030 کےعالمی اہداف کے حصول کو یقینی بنا نا ہمارا ویژن ہے ۔