شیر افضل مروت کو پارٹی نے مکمل طور پر سائیڈ لائن کرتے ہوئے سیاسی کمیٹی اور واٹس ایپ گروپ سے بھی نکال دیا ۔
تفصیلات کے مطابق پارٹی رہنمائوں کیخلاف بیانات دینے پر شیر افضل مروت کیخلاف تحریک انصاف کا ردِعمل سامنے آگیا ہے۔ شیر افضل مروت کو پارٹی نے سیاسی کمیٹی اور واٹس ایپ گروپ سے بھی نکال دیا ہے۔
واضح رہے کہ شیر افضل مروت نے آج عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر کہا تھا کہ عمر ایوب اور شبلی فراز نے مجھے عمران خان سےملاقات نہیں کرنے دی۔ان کا کہنا تھاکہ میری ملاقاتوں میں رکاوٹ جیل حکام ڈال سکتے ہیں یا جو اوپر ہوتے ہیں وہ بھی رکاوٹ ڈال سکتے ہیں۔ کل بھی عمران خان سے ملاقات کیلئے آیا لیکن ملنے نہیں دیا گیا اور آج بھی ملاقات سے روک دیا گیا ہے۔ شیر افضل مروت نے کہا کہ میرا بانی پی ٹی آئی سے ملنا ضروری تھا لیکن عمر ایوب اور شبلی فراز نے مجھے ملاقات نہیں کرنے دی۔ شبلی فراز نے کہا کہ شیر افضل مروت کے نام پر ن لیگ کو اعتراض ہے۔شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا کہ سعودی سفیر کے اعتراض پر میرا نام چئیرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی کیلئے ختم کرکے میری تذلیل کی گئی ہے۔ اب میری اس عہدے میں مزید کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ نہ مجھے عہدوں کا کوئی لالچ ہے،ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو میں نے اس وقت اُٹھایا جب یہ ایک مردہ گھوڑا بن چکی تھی۔عمران خان کیلئے کبھی مشکلات نہیں پیدا کروں گا۔میں نے عمران خان کو بتا دیا تھا کہ 8فروری سے مجھے ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں: چئیرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی کیلئے شیخ وقاص اکرم کا نام فائنل
بتایا جارہا ہے کہ عمران خان شیر افضل مروت سے غیر ضروری بیانات اور رویے کی وجہ سے خفا ہیں اور انہوں نے ہی کل اور آج اڈیالہ جیل میں ملاقات سے انکار کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پارٹی رہنماؤں نے بانی تحریک انصاف کو شیر افضل مروت کو سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی سے نکالنے کی تجویز دی تھی۔