نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا اشارہ دیدیا ۔
نیپرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بجلی کی طلب میں مسلسل کمی کی وجہ سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے ۔ بجلی کی طلب میں فروری تک مجموعی طور پر 12 فیصد کمی آئی، طلب میں مسلسل کمی کی وجہ سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے ۔نیپرا کے مطابق بجلی کے نرخوں میں 60 فیصد کیسپٹی پیمنٹس ہیں جو عالمی معیار سے بہت زیادہ ہیںنیپرا اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ قانونی دائرے میں رہ کر سی پی پی اے کیپسٹی پیمنٹ کو کم کرنے پر بھی کام کرے، موجودہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ 2 روپے 75 پیسے فی یونٹ ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل وفاقی وزیرتوانائی سردار اویس خان لغاری نے اعلان کیا کہ رواں ماہ بجلی کے بلوں میں کمی کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نےاپنے ایک بیان میں کہا تھاکہ اپریل کے بجلی کے بلوں میں 3 روپے 82 پیسےفی یونٹ کمی ہوئی، کمی ڈالر کے لحاظ سے سہہ ماہی اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹس کی وجہ سے ہوئی، جس کے باعث گزشتہ ماہ کی نسبت رواں ماہ بجلی کے بلوں میں کمی ہوگی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ رواں ماہ کے بلوں پر فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ 7 روپے 6 پیسہ فی یونٹ سے کم ہو کر 4 روپے92 پیسے مقرر ہوئی، ایندھن کی قیمت میں 2 روپے 14 پیسے کی کمی ہوئی، پہلے سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ 4 روپے 43 پیسے تھی جو کم ہو کر 2 روپے 75 پیسے ہو گئی۔ اویس لغاری کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں ایک روپیہ 68 پیسے کی کمی ہوئی، گزشتہ ماہ کی نسبت رواں ماہ بجلی کے بلوں میں کمی ہوگی، وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ عوام کو دباؤ سے بچایا جائے۔