پیٹرول،ڈیزل مہنگا ہونے کا امکان

پیٹرول،ڈیزل مہنگا ہونے کا امکان

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافے کا امکان پیدا ہو گیا۔

مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں10 روپے کے اضافے کا امکان ہےجس سے نئی قیمت 300روپے فی لیٹر تک پہنچ جائے گی جبکہ ڈیزل 2 روپے مہنگا ہونے کا امکان ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی حتمی قیمتوں کا تعین وزیراعظم کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔

دوسری جانب مشرق وسطی میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بھاری اضافے کی توقع کی جارہی ہے۔مشرق وسطی میں حالات کشیدہ ہونے کی وجہ سے خام تیل کی قیمتوں میں 2 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برینٹ کروڈ 94 سینٹ کے اضافے سے90 ڈالر 68 سینٹ فی بیرل تک پہنچ گیا۔جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹر میڈیٹ خام تیل کی قیمت 96 سینٹ کے اضافے سے85 ڈالر 98 سینٹ فی بیرل ہوگئی ہے۔ جمعہ کو عالمی بینچ مارک برینٹ کروڈ 92.18 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا جو اکتوبر کے بعد سب سے زیادہ اضافے کی سطح پر ہے۔ اتوار کو ٹریڈ بند ہونے سے قبل یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ فیوچر 96 سینٹ بڑھ کر 85.98 ڈالر کی سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے یکم اپریل کو پیٹرول فی لیٹرقیمت میں 9 روپے 66 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد نئی قیمت 289 روپے 41 پیسے پر پہنچ گئی تھی۔ جبکہ ڈیزل 3 روپے 32 پیسےسستا ہونے کے بعد نئی قیمت 282 روپے 24 پیسے فی لیٹر مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیاگیا تھا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *