محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی لہر جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع اور بالائی سندھ میں رات کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ اس دوران شمال مغربی بلوچستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری بھی ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ لاہور، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، جہلم، گجرات، میانوالی، رحیم یار خان، خان پور، بہاولنگر، بہاولپور، پاکپتن، خانیوال، وہاڑی، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، ڈی جی خان اور ان کے گرد و نواح میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ مری، گلیات اور ان کے گرد و نواح میں شدید سرد اور خشک موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں رات کے اوقات میں شدید سردی کی لہر متوقع ہے۔ تاہم، کوئٹہ، چمن، زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور ان کے گرد و نواح میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی دھند کے اثرات متوقع ہیں، خاص طور پر سکھر، شہید بینظیر آباد، شکارپور، کشمور، دادو، لاڑکانہ، خیر پور، ٹنڈوجام اور ان کے گرد و نواح میں درمیانی سے شدید دھند پڑنے کا امکان ہے۔ خیبر پختونخواہ کے پہاڑی علاقوں میں شدید سرد موسم کا امکان ہے، اور رات کے اوقات میں بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور، نوشہرہ، مردان اور صوابی میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج دن بھر موسم خشک رہے گا جبکہ رات کے اوقات میں خنکی میں مزید اضافہ محسوس ہو گا۔ صبح کے اوقات میں کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ موجودہ درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دن بھر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 63 فیصد ہے اور شمال مشرقی سمت سے ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسم کی تبدیلی کے دوران احتیاط برتنے اور دھند کے باعث گاڑیوں کی رفتار کم رکھنے کی ہدایت کی ہے۔