اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر، رانا ثنا اللہ نے واضح کیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف کے ملٹری کورٹس میں ٹرائل کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کے ماسٹرمائنڈز کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہونا چاہیے۔
رانا ثنا اللہ نے نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف جوڈیشل کمیشن پر اپنے مطالبات تحریری شکل میں پیش کرے تاکہ قیادت اور اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد جواب دیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حصہ ہے لیکن تحریک انصاف کو سیاسی رویوں کے تحت آگے بڑھنا ہوگا۔ ان کے مطابق 9 مئی کے واقعات ایک سوچی سمجھی حکمت عملی کا حصہ تھے اور ان کی تحقیقات جاری ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے اس موقع پر کہا کہ 9 مئی کے ماسٹرمائنڈز کو ملٹری کورٹس میں ٹرائل کا سامنا کرنا چاہیے لیکن عمران خان کے ٹرائل پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ غلام سرور سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ بطور وفاقی وزیرغلام سرورکاپی آئی اےکی تباہی میں اہم کردارہے، غلام سرور بھی بتاتے رہےکہ انہوں نے کس کی ہدایت پر بیان دیا تھا، احسن اقبال ہی بتا سکتے ہیں کہ غلام سرور کیخلاف کیا کارروائی کی جا سکتی ہے۔
انھوں نے مزید کہاکہ نئی کابینہ 190 ملین پاؤنڈ کے معاملے کو ختم کیسے کرسکتی تھی، جرم سرزد ہوا تھا، جس کا ٹرائل ہونا ضروری تھا فیصلہ واپس نہیں ہوسکتا تھا، 190ملین پاؤنڈ کا فیصلہ وزیراعظم کا تھا جوکابینہ میں پیش ہی نہیں ہوا تھا آخر 190ملین پاؤنڈ کے معاہدے کو خفیہ رکھنےکی کیا ضرورت تھی۔
رانا ثنا اللہ کا یہ بیان سیاسی حلقوں میں ایک نئی بحث کو جنم دے سکتا ہے، جبکہ 9 مئی کے واقعات کے ماسٹرمائنڈز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔