سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ القادر ٹرسٹ کیس کے فیصلے کی تاریخ تبدیل ہونے سے فیصلہ تبدیل نہیں ہوگا۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی 90 فیصد لیڈرشپ کمپرومائزڈ ہے، جو نہیں چاہتی ہے کہ عمران خان جیل سے باہر آئیں۔ عمر ایوب سب سے زیادہ کمپرومائزڈ ہیں۔ جنہوں نے جنرل فیض کی ویڈیوز بنا کر آگے بھیجی تھیں۔
فیصل واوڈا سے القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ موخر ہونے پر سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ میں نے کل واضح کہا تھا کہ اس کیس میں عمران خان کو سزا ضرور ہونی ہے۔ میں جب وزیر تھا تو عمران خان کو کہا تھا کہ آپ کیلئے یہ کیس عذاب بن جائیگا۔ اس وقت ہمیں پتہ ہی نہیں تھا کہ پی ٹی آئی زیر عتاب آئیگی اور تباہی ہو جائیگی۔انہوں نے کہا کہ تاریخ بدلنے سے فیصلہ نہیں بدلے گا۔ میں پہلےبھی کہہ چکا ہوں کہ یہ اوپن اینڈ شٹ کیس ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ القادرکیس کا فیصلہ جب بھی سنا یا جائیگا، یہ کیس ہائیکورٹ اور پھر سپریم کورٹ میں جائیگا۔ تحریک انصاف میں چند لوگ ہیں جو عمران خان کو جیل میں نہیں دیکھنا چاہتے۔ ان لوگوں میں بیرسٹر علی ظفر، بیرسٹر گوہر ، شیر افضل مروت اور علی محمد خان جیسے لوگ ہیں جو عمران خان کو جیل میں رکھ کر ان کی جان سے کھیلنا نہیں چاہتے۔