فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا نے اعلان کیا ہے کہ اب وہ اپنے پلیٹ فارمز پر تھررڈ پارٹی کے ذریعے فیکٹ چیک پروگرام ختم کر رہا ہے۔
میٹا کے بانی مارک زکر برگ نے اعلان کیا ہے کہ میٹا پلیٹ فارمز تھرڈ پارٹی فیکٹ چیکنگ کی جگہ اپنے صارفین کی آراء پر مبنی مواد شامل کرے گا۔
یعنی تھرڈ پارٹی فیکٹ چیکنگ کے خاتمے کے ساتھ ہی فیس بک پر شیئر کیے گئے مواد کا دار و مدار اب کمیونٹی نوٹس پر ہوگا۔
اسی طرح کا طریقہ کار سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر استعمال ہو رہا ہے، کمیونٹی نوٹس کے ذریعے پلیٹ فارم پر شیئر کی گئی پوسٹ کے درست یا غلط ہونے کا فیصلہ اس پلیٹ فارم کے صارفین کی رائے پر کیا جاتا ہے۔
مثال کے طور آپ ایکس پر ایک پوسٹ کرتے ہیں جو حقائق پر مبنی نہیں ہوتی تو ایکس صارفین اس پوسٹ کے نیچے ووٹنگ کے ذریعے یہ فیصلہ کر دیتے ہیں کہ آیا شیئر کی گئی پوسٹ درست ہے یا غلط، صارفین کی ووٹنگ کے نتائج کمیونٹی نوٹ کے طور پر مذکورہ پوسٹ کے ساتھ دکھائی دیتے ہیں۔
مارک زکر برگ کا ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ فیکٹ چیکرز اب بہت زیادہ سیاسی ہو گئے ہیں اور انہوں نے وہ اعتماد بھی بڑی حد تک کھو دیا ہے جو انہوں نے بنایا تھا۔ جو اقدام اس لیے اٹھایا گیا تھا کہ آزادی اظہار رائے کو فروغ دیا جا سکے وہ بڑھتے بڑھتے رائے کو روکنے اور مختلف خیالات رکھنے والے لوگوں کو دبانے کے لیے استعمال ہونے لگا ہے اور یہ حد سے تجاوز کر چکا ہے۔
مارک زکر برگ کا کہنا تھا کہ میں یہ یقینی بنانا چاہتا ہوں کہ ہمارے پلیٹ فارمز پر لوگ اپنے عقائد اور تجربات کا تبادلہ کر سکیں۔