سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو حکومت سے پوچھے بغیر 3سال کیلئے ملک سے باہر جانے کی پیشکش کی گئی تھی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ خواہش کے باوجود حکومت عمران خان کو بنی گالہ یا زمان پارک کی پیشکش نہیں کر سکتی۔ حکومت چاہتی تھی وہ پیشکش کرے لیکن ان سے پوچھا بھی نہیں گیا۔ حکومت سے پوچھے بغیر ہی کہیں اور سے پیشکش کی گئی جبکہ الیکشن کے فوری بعد بھی عمران خان کو تین سال کیلئے ملک سے باہر جانے کا کہا گیا تھا۔ تاہم اس پیشکش کا بھی حکومت کو علم نہیں۔
حامد رضا نے کہا کہ دوسری میٹنگ میں حکومت سے پوچھا تھا کہ آپکے کیا مطالبات ہیں تاہم حکومت نے کہا کہ ہمارا کوئی مطالبہ نہیں۔ عمران خان نے ہمیں دو مطالبات لکھ کر دینے کا کہا ہے، حکومت بھی لکھ کر دے کہ ان کے کوئی مطالبات نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سمجھ نہیں آتی کہ لکھ کر کیا دینا ہے۔کیا ہمارا استحقاق نہیں کہ حکومت بھی ہمیں لکھ کر دے۔ مطالبات لکھ کر دینے کی حکومت کی ضد بچگانہ ہے۔ ہماری جانب سے ایسی کوئی بچگانہ ضد نہیں کی گئی۔ تیسری میٹنگ میں اگر جوڈیشل کمیشن نہ بنا تو چوتھی میٹنگ نہیں ہوسکے گی۔عمران خان سے ملاقات کے بغیر اجلاس ہوتا ہے تو جوڈیشل کمیشن کا قیام ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان عدالتوں کے ذریعے ہی رہا ہوں گے۔ اس کیلئے ایگزیکٹو آرڈر کی ضرورت نہیں۔ ہمیں سنگجانی جانے کی پیشکش کوئی آفر دینے پر ہی کی گئی ہوگی اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی یاری وزیراعظم نہیں بلکہ کہیں اور ہے۔ 26نومبر کو محسن نقوی کے ذریعے بیرسٹر گوہر جیل گئے یا کہیں اورسے رابطہ ہوا ،یہ نہیں کہہ سکتا۔ شیر افضل مروت نے جو بات کی ہے وہ اس کی وضاحت خود ہی کر سکتے ہیں۔