لاہور ٹریفک پولیس نے ای چالاننگ میں ڈبل سینچری مکمل کرنے والی کار سے ایک لاکھ 8 ہزار 915 روپے کی بڑی ریکوری کرلی۔
تفصیلات کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ہونے والے ای چالان نادہندگان کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ چیف ٹریفک آفیسر لاہور عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ اب شہریوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سوچ سمجھ کر کرنا ہوگی۔ ای چلاننگ میں ڈبل سینچری مکمل کرنے والی کار کو دھرلیا گیا۔
ڈاکٹر رفیق راسق انچارج ون فائیو اور ٹریفک وارڈن فیصل نے نادہندہ کار کے خلاف بڑا ایکشن لیتے ہوئے کار مالک کو دھرلیا۔ کار مالک نے 112مرتبہ ٹریفک سگنل،101 مرتبہ اوورسپیڈنگ اور 08 مرتبہ لین لائن کی خلاف ورزی کہ جو کہ مجموعی طور پر 221 مرتبہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہوئی۔ کار مالک نے ابھی تک 221 ای چالان کا جرمانہ نہیں جمع کروایا تھا تاہم پکڑے جانے پر فوری طور پر ایک لاکھ 8 ہزار 915روپے جرمانہ جمع کروایا۔ نادہندہ ای چلاننگ میں یہ اب تک کی سب سے بڑی کی جانے والی ریکوری ہے۔
عمارہ اطہر کا مزید کہنا ہے کہ مال روڈ، جیل روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ، فیروز پور روڈ، وحدت روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر ٹیمیں موجود ہیں۔ ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے مالکان پولیس سروسز سے مستفید نہیں ہوسکتے۔ ای چالان نادہندہ ہونے کی صورت میں ڈرائیونگ لائسنس، کریکٹر سرٹیفکیٹ، ویری فکیشن و دیگر 14 سہولیات میسر نہ ہوگی۔ سیف سٹی پنجاب اور پولیس خدمت مراکز، ڈرائیونگ لائسنس ایشوینس مینجمنٹ سسٹم کو انٹیگریڈ کردیا گیا۔ ای چالان سے بچنے کیلئے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ گاڑی کی نمبر پلیٹس پر کالے پیپر اور ہندسے غیر واضح کرنے والوں کےخلاف بھی کارروائی کا حکم جاری کیا گیا ہے، منظم ٹریفک کےلئے شہریوں کو ٹریفک قوانین کا احترام کرنا ہوگا، کیمروں کی مدد سے ٹریفک لوڈ مینجمنٹ، مانیٹرنگ اور سرویلنس کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ بہترین ٹریفک مینجمنٹ کےلئے سیف سٹی سے زیادہ سے زیادہ استفاده حاصل کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے افسران کے لئے انعام کا اعلان بھی کیا۔