پاکستان تحریک انصاف نے چئیرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی کیلئے شیخ وقاص اکرم کے نام کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کی بجائے شیخ وقاص اکرم کا نام چئیرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی کیلئے فائنل کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رکن قومی اسمبلی علی محمد خان کا نام بھی چئیرمین پی اے سی کیلئے زیر بحث تھا تاہم شیخ وقاص اکرم کا نام حتمی طور پر فائنل کیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بھی شیخ وقاص اکرم کے نام کی منظوری دیدی ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پولیٹیکل کمیٹی ایک، دو روز میں رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم کا نام اسپیکر کو بھیجے گی۔
مزید پڑھیں: شیر افضل مروت پی ٹی آئی قیادت پر برہم، سنگین الزامات کی بوچھاڑ
واضح رہے کہ اس سے قبل تحریک انصاف نے شیر افضل مروت کا نام چئیرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی کیلئے دیا تھا تاہم حکومت کی جانب سے ان پراعتراض عائد کیا گیا جس کے بعد شیخ وقاص اکرم کا نام فائنل ہوا۔ گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما جب عمران خان سے جیل میں ملاقات کیلئے پہنچے تو شیر افضل مروت کو ملاقات کیلئے اندر جانے سے روک دیا گیا اور بتایا گیا کہ عمران خان نے شیر افضل مروت سے ملاقات کرنے سے انکار کردیا ہے۔تاہم شیر افضل مروت نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ عمران خان سے کل ملاقات کریں گے۔ تاہم آج پھر شیرافضل مروت جب اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کیلئے پہنچے تو انہیں عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ عمران خان شیر افضل مروت سے شدید ناراض ہیں اور اس کی ایک وجہ ان کا سعودی عرب سے متعلق بیان بھی بتایا جارہا ہے۔