ملائشیا میں جاری 30ویں سلطان اذلان شاہ کپ میں پاکستان بمقابلہ جاپان کے درمیان سنسنی خیز میچ 1-1گول سے برابر۔
تفصیلات کے مطابق ملائشیا کے شہر ایپوہ میں جاری اذلان شاہ کپ کے اپنے تیسرے میچ میں پاکستان کو میچ کے 59 ویں منٹ تک ایک گول کے خسارے کا سامنا تھا جو کہ جاپان کی جانب سے کھیل کے 33ویں منٹ میں کین ناگا یوشی نے اسکور کیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے کھیل کے آخری منٹ میں پینلٹی کارنر کے ذریعے رانا وحید اشرف نے گول کرکے جاپان کی برتری کا خاتمہ کیا اور میچ 1-1 گول سے برابر کردیا۔ پاکستان اور جاپان کی ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل پر 7 پوائنٹس کے ساتھ پہلی اور دوسری پوزیشن پر ہیں۔ پاکستان کو بہتر گول اوسط پر برتری حاصل ہے۔ پاکستان اپنے پول کا چوتھا میچ کل کینیڈا کے خلاف پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کھیلے گا۔ خیال رہے کہ پاکستان نے ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے میچ میں میزبان ملائیشیا کو 4-5 کے اسکور سے مات دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں جنوبی کوریا کو 0-4 سے شکست دی تھی۔
مزید پڑھیں: پاکستان ہاکی فیڈریشن کی صدر شہلا رضا عہدے سے مستعفی ہو گئیں
واضح رہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے مطابق سلطان اذلان شاہ کپ میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں کینیڈا، جاپان، ملائیشیا، نیوزی لینڈ، پاکستان اور جنوبی کوریا شامل ہیں۔جاپان کے علاوہ باقی پانچ ٹیمیں یہ ٹورنامنٹ ختم ہونے کے فوراً بعد ایف آئی ایچ ہاکی مینز نیشن کپ میں شرکت کے لیے پولینڈ روانہ ہوجائیں گی۔