دبئی میں ہونے والے کراٹے کامبیٹ مقابلوں میں پاکستانی فائٹرز شازیب رند اور علی رضوان نے بھارتی حریفوں کو پہلے ہی راؤنڈز میں شکست دیدی ۔ بھارتی سپر سٹار سلمان خان نے بھی پاکستانی فائٹر کو جیتنے پر مبارکبا دیدی ۔
ایونٹ کا آغاز پر پہلے راؤنڈ میں پاکستان کے رضوان علی کا بھارت کے پون گپتا کا مقابلہ ہوا۔پاکستانی فائٹر نے باآسانی پہلے ہی راؤنڈ میں اپنے بھارتی حریف پون گپتا کو پہلے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا، پاکستان کی بھارت پر 0-1 سے برتری کے بعد دوسرے راؤنڈ میں بھارت کے ہمانشو کوشک کا مقابلہ فیضان خان ہوا۔دوسرے راؤنڈ پاکستان کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوا اور علومی کریم کی جگہ لڑنے والے فیضان خان بھارتی حریف سے ہار گئے۔
پاکستان اور بھارت کے مابین میچ 1-1 سے برابر ہو گیا ، فیصلہ کن رائونڈ میں پاکستان کے شاہزیب رند کا مقابلہ بھارت کے رانا سنگھ سے ہوا۔میچ کے آغاز سے ہی شاہزیب رند کے مسلسل حملوں سے حریف کھلاڑی پیچھے ہٹتے رہے بالآخر پاکستانی فائٹر نے پہلے ہی رائونڈ میں بھارتی فائٹرز کو ناک آئوٹ کر دیا ۔
دوسری جانب بھارتی انڈسٹری کے سپر اسٹار سلمان خان مقابلے بعد پاکستانی فائٹر شاہ زیب رند کو مبارکباد دینے کیلئے پہنچ گئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کیساتھ وائرل ہو رہی ہے اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سلمان خان ، شاہ زیب رند کے ساتھ خوشگوار موڈ میں گفتگو کر رہے ہیں ۔ اس موقع پر سلمان خان نے پاکستانی فائٹر سے کہا ہے کہ کیا ہر جگہ 20، 20 سیکنڈ میں ناک آؤٹ کر دیتے ہو؟۔
View this post on Instagram
دوسری جانب شاہ زیب رند کا سلمان خان سے ملاقات کے بعد کہنا تھا کہ میں بچپن سے انہیں دیکھ رہا ہوں، ان کے سامنے مقابلہ میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔ خیال رہے کہ دبئی میں ہونے والے کراٹے کومبیٹ 45 مقابلوں میں پاکستان کے شاہ زیب رند نے بھارت کے رانا سنگھ کو 20 سیکنڈ میں ہی ناک آؤٹ کر دیا تھا۔شاہ زیب نے فائٹ شروع ہوتے ہی لاتوں اور مکوں کے وار کیے جو بھارتی فائٹر رانا سنگھ سہہ نہ سکے اور ایک کونے میں دب کر ہمت ہار بیٹھے، جس کے بعد انہیں ٹیکنیکل ناک آؤٹ قرار دیا گیا۔شاہ زیب نے مقابلہ 20 سیکنڈ میں اپنے نام کیا تھا،پاکستان نے بھارت کو 1-2 سے شکست دی تھی۔