محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے ٹوکن ٹیکس ڈیفالٹرز کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔ 515 ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کی رجسٹریشن معطل کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے 515ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کی رجسٹریشن معطل کر دی۔ ڈائریکٹرموٹرز چوہدری آصف کی طرف سے گاڑیوں کے مالکان کو متنبہ کیا گیا ہے کہ اپنے ٹوکن ٹیکس پندرہ دن میں جمع کروا دیں بصورت دیگر ان کی گاڑیوں کی رجسٹریشن بھی معطل کر دی جائے گی۔چوہدری آصف کا کہنا تھا کہ نادہندہ گاڑیوں کے مالکان کو پہلے بھی نوٹس جاری کیے گئے مگر انہوں نے ٹوکن ٹیکس ادا نہیں کیا، جس پر 515گاڑیوں کی رجسٹریشن معطل کی گئی ہے۔ ان تمام گاڑیوں کے مالکان مجموعی طور پر 51لاکھ روپے ٹوکن ٹیکس نے نادہندہ ہیں۔ رواں ہفتے مزید ہزاروں ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کی رجسٹریشن معطل کی جائے گی۔
دوسری جانب محکمہ ایکسائز نے نمبر پلیٹس کی فیس وصولی بند کردی ہے،شہری اب خود نمبر پلیٹس بنوائیں گے۔ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ اب ہر شہری اپنی موٹر سائیکل اور گاڑی کی نمبر پلیٹس خود بنواسکیں گے، محکمہ ایکسائز نے تیس لاکھ نمبر پلیٹس کی فیس وصولی کے عوض پلیٹس فراہم نہیں کیں۔کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹس نہ ملنے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا،نمبر پلیٹس بنانے والی کمپنی سے محکمہ ایکسائز کا معاہدہ ختم ہوچکا ہے۔محکمہ ایکسائز نے آئندہ نمبر پلیٹس کی فیس وصول نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ڈی جی ایکسائز کا کہنا ہے کہ کیبنٹ کی منظوری کے بعد فیس وصول کرنا بند کی گئی ہے ، فیصلے پر عملدرآمد بھی شروع کردیا گیا ہے۔
ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی کالے شیشوں اور فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف کارروائی
ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کا کالے شیشوں اور غیر نمونہ/فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر سخت ایکشن اور کارروائی کا سلسلہ جاری ہے، ترجمان آئی سی ٹی کے مطابق دورانِ چکنگ (180) گاڑیوں کو چیک کیا گیا، (55) رنگ برنگے شیشے اور (65) فینسی نمبر پلیٹس اتار دی گئیں جبکہ دیگر گاڑیوں کو وارننگ جاری کی گئی، اسسٹنٹ کمشنرز نے اے ای ٹی اوز ، ٹریفک پولیس کے ہمراہ لہتراڑ روڈ، ترامڑی چوک ، ایف سکس، ایف سیون اور گردونواح میں گاڑیوں کو چیک کیا، جن میں رنگ برنگے شیشے اور فینسی نمبر پلیٹس کی وجہ سے گاڑیوں کی رجسٹریشن معطل کر دی گئی اور ان گاڑیوں کی رجسٹریشن اب رنگ برنگے شیشے اور فینسی نمبر پلیٹس کو اتروانے کے بعد بحال کر دی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے شہریوں سے اپیل کی کہ گاڑیوں سے فل فور رنگ برنگے شیشے اور فینسی نمبر پلیٹس اتار دیں اور صرف ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے منظور شدہ نمبر پلیٹس کا استعمال کریں تاکہ کارروائی سے بچا جاسکے،واضح رہے کی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ اور اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا مشترکہ آپریشن روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔