وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے حملہ آور آج ملکی مفاد پر حملہ آور ہیں، ملکی مفاد کے خلاف بات کرنے والا پاکستان کا دشمن ہے، اپنے سیاسی مفاد اور انا کو ملکی مفاد پر ترجیح دینا قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔
عطا ء اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے پہلے ملکی مفاد کے خلاف بیان دیا پھر اس سے لاتعلقی کا اظہار کیا، یہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کا پرانا وطیرہ ہے، ان کا لیڈر پہلے ہی کرپشن کے مقدمات بھگت رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری پاکستان کے دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی، ایسے عناصر کے لئے ہدایت کی دعا کرتے ہیں، کاش یہ ملک کے مفاد میں بھی بات کر سکیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفت میں ملک دشمنی نامناسب ہے، آپ ہم پر تنقید کریں لیکن پاکستان پر تنقید ناقابل برداشت ہے۔ عطا ء اللہ تارڑ نے کہا کہ ہمارے دوست ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری و تعاون کی حمایت اور دوستی کا ہاتھ بڑھا رہے ہیں، پاکستان انشاءاللہ ترقی کرے گا، ہم اپنے دوست ممالک کے ساتھ روابط بڑھائیں گے۔