خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں سے صوبے بھر میں جاں بحق افراد کی تعداد 46تک پہنچ گئی ہے۔
پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں اب تک 46 افرادجاں بحق جبکہ 60 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق افراد میں 25 بچے 12 مرد اور 9 خواتین جبکہ زخمیوں میں 11 خواتین، 33 مرد اور 16 بچے شامل ہے۔رپورٹ کےمطابق مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور 2875 مکانات کو نقصان پہنچا جس میں 436 گھروں کو مکمل جبکہ 2439 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع خیبر، دیر اپر و لوئر، چترال اپرولوئر، سوات، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، مھمند، مالاکنڈ، کرک، ٹانک، مردان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، بونیر، ہنگو، بٹگرام، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان،کوہاٹ، ڈی آئی خان اورکزئی میں رونما ہوئے ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے خصوصی ہدایت پر پی ڈی ایم نے حالیہ بارشوں میں متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو جان بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کی مالی امداد اور امدادی سرگرمیوں کے لیے 110 ملین روپے جاری کیےگیے ہیں۔ اس کے علاوہ قبائلی اضلاع میں بھی امدادی سرگرمیوں کی مد میں 90 ملین روپے جاری کئے کیےگئے۔ ترجمان کے پی حکومت کے مطابق مالی معاونت کے ساتھ ساتھ پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع سوات، چترال لوئر ،باجوڑ، کوہستان لوئر، پشاور، نوشہرہ، مہمند، دیر اپر، ٹانک، شانگلہ، تورغر، اور ڈی آئی خان کو امدادی سامان بھی فراہم کر دیا گیاہے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق مطابق امدادی سامان میں خیمے، چٹائیاں،کچن سیٹس،کمبل، بستر،ترپال، سولر لیمپس اور دیگر روزمرہ زندگی کی اشیاء شامل ہیں۔ جبکہ پی ڈی ایم اے اور تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔