ہنی سنگھ کے ساتھ گانے کی ویڈیو بننا ابھی باقی ہے، مہوش حیات

ہنی سنگھ کے ساتھ گانے کی ویڈیو بننا ابھی باقی ہے، مہوش حیات

پاکستان کی مقبول اداکارہ و گلوکارہ مہوش حیات نے بھارتی گلوکار و ریپر یو یو ہنی سنگھ کے ساتھ اپنے گانے سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے گانے کی ویڈیو بننا ابھی باقی ہے۔

مہوش حیات نے حال ہی میں د ئیے گئے انٹرویو میں بھارتی گلوکار و ریپر یو یو ہنی سنگھ کے ساتھ اپنے منصوبے سے متعلق مزید تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کے اور ہنی سنگھ کے درمیان کافی عرصے سے مشترکہ گانا ریلیز کرنے سے متعلق باتیں چل رہی تھیں لیکن کبھی وہ تو کبھی بھارتی گلوکار مصروف ہوجاتے تھے۔ انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ انہوں نے ہنی سنگھ کے ساتھ گلوکاری کی ہے اور انہوں نے گانا ریکارڈ کروادیا۔

مہوش حیات کا کہنا تھا کہ ابھی صرف ان کی اور ہنی سنگھ کی آواز میں گانا ریکارڈ ہوا ہے، اس کی ویڈیو بننا ابھی باقی ہے اور اس میں مزید چند ماہ لگیں گے۔ اداکارہ کے مطابق ویڈیو بن جانے کے بعد ہی گانے کو ریلیز کیا جائے گا اور شائقین کو مزید چند ماہ تک انتظار کرنا پڑے گا۔ مہوش حیات نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ بھی گانے کی ویڈیو میں جلوے بکھیرتی دکھائی دیں گی یا نہیں؟ تاہم انہوں نے بتایا کہ جلد ہی گانے کی ویڈیو بنانے پر کام شروع کردیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی واضح نہیں کیا کہ ہنی سنگھ کے ساتھ گائے گئے گانے کی شاعری کس نے لکھی اور اس کی موسیقی کس نے ترتیب دی، تاہم انہوں نے گانے کو دو ممالک کا مشترکہ منصوبہ قرار دیا۔ اس سے قبل مہوش حیات نے گزشتہ ماہ ہنی سنگھ کے ساتھ کھچوائی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے بھارتی گلوکار کے ساتھ گانے میں اشتراک کیا ہے لیکن انہوں نے اس پر مزید کوئی وضاحت نہیں دی تھی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *