محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا میں آنے والے دنوں کے موسم کے حوالے سے پیشگوئی کی ہے کہ صوبے کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے، جب کہ بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی تاہم خیبرپختونخوا کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے چارسدہ، مردان، صوابی، نوشہرہ اور ڈی آئی خان کے حوالے سے بھی پیشگوئی کی کہ صبح اور شام کے اوقات میں ان علاقوں میں دھند پڑے گی، جس کے باعث ایم ون موٹروے جزوی طور پر بند رہنے کا امکان ہے۔
دھند کی شدت کے باعث گاڑیوں کی رفتار کم ہو سکتی ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں جیسے چترال، سوات، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں بارشوں کے ساتھ ساتھ برفباری بھی ہو سکتی ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گا۔
محکمہ موسمیات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش کاکول میں 9 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ بالاکوٹ میں 8، مالم جبہ میں 6، پتن میں 4، کالام میں 2 اور چترال میں 1 ملی میٹر بارش ہوئی۔
اس کے علاوہ مالم جبہ میں 3 انچ اور کالام میں 2 انچ برفباری بھی ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں مزید بارشوں اور برفباری کا امکان ہے، جس سے صوبے کے بالائی علاقے سرد اور دھند سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور دھند کے دوران گاڑیوں کی رفتار کو کم رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔