چین کے صوبہ چنگھائی میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، مقامی افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی زلزلہ پیما مرکز نے تصدیق کی کہ زلزلہ 5.5 شدت کا تھا، جس کا مرکز گولگ پریفیکچر کی مدوئی کاؤنٹی میں تھا۔ زلزلے کی گہرائی 14 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی مقامی لوگ خوف کے مارے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روزچین کے علاقے تبت میں 7.1شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی، زلزلے کے باعث126 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق منگل کی صبح چین کے علاقے تبت، نیپال، بھارت کے شمال اور شمال مشرقی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ چین کے مقامی وقت کے مطابق زلزلہ صبح 9 بج کر 5 منٹ پر آیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز تبت کا علاقہ ڈنگری تھا، زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ پل بھر میں متعدد عمارتیں زمین بوس ہو گئیں، زلزلے کے بعد متعدد آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کئے گئے ہیں ۔