فاسٹ بالر احسان اللہ کی سرجری ناکام ہونے کا انکشاف

فاسٹ بالر احسان اللہ کی سرجری ناکام ہونے کا انکشاف

فاسٹ بالر احسان اللہ کی انجری کی غلط تشخیص ہونے کی وجہ سے سرجری ناکام ہونے کا انکشاف۔
تفصیلات کے مطابق ایک غلطی کے باعث قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر احسان اللہ کا کرکٹ مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔پی ایس ایل کی فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے فاسٹ بالر احسان اللہ کا علاج برطانیہ سے کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔علی ترین نے بتایا کہ احسان اللہ کی کہنی کی انجری کی غلط تشخیص کی گئی جس وجہ سے ان کی سرجری ناکام ہوگئی ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ احسان اللہ کو انجری کے باوجودپاکستان سپر لیگ 9میں ریٹین کیا گیا جس کا مقصد ملتان سلطانز کے فزیو ، اسٹرینتھ کنڈیشننگ کوچ کیساتھ کام کرنا تھا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ احسان اللہ کو اسی ماہ برطانیہ بھجوایا جائیگا جہاں ماہر سرج ان کا معائنہ کریں گے جبکہ اسی حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی فاسٹ بالر کو بیرون ملک علاج کی اجازت دیدی ہے۔احسان اللہ نے پاکستان سپر لیگ 8میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

اس سے قبل احسان اللہ کا ایک انٹرویو میں کہناتھا کہ مجھے محنت کا فائدہ ہوا ہے اور اب میں پاکستان سپر لیگ کا ٹاپ بولر ہوں، میں محنت کر رہا ہوں مجھے پاکستان کی کیپ ملنے کی امید ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وقار یونس میرے فیورٹ بولر ہیں، انہوں نے میرے ساتھ بہت کام کیا ہے، انہوں نے میرا رن اپ اور کلائی کی پوزیشن کو درست کیا۔احسان اللہ نے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابراعظم بین الاقوامی کرکٹ کے ٹاپ بیٹر ہیں انہیں آؤٹ کر کے خوشی ہوتی ہے، اب تک میری فیورٹ وکٹیں بابراعظم اور جیسن رائے کی وکٹیں ہیں۔احسان اللہ گزشتہ برس افغانستان کے خلاف کھیلی گئی ٹی 20 سیریز اور نیوزی لینڈ کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے گئے ایک روزہ میچ میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں لیکن اس کے بعد سے منظر عام سے دور تھے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *