پنجاب کے صوبائی ورکنگ پارٹی اجلاس میں 2 ترقیاتی سکیموں کیلئے 4ارب روپے سے زائد فنڈز کی منظوریم جس کے تحتپنجاب کے مختلف شہروں میں ماحول دوست بسوں کیلئے 3 ارب 53 کروڑ روپے منظور کیئے گے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2024-25 کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے ستائیسویں اجلاس میں ٹرانسپورٹ اور اریگیشن سیکٹرز کی 2 ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 4 ارب 48کروڑ 75لاکھ 43ہزار روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے کی۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب میں پاکستان کے آئی ٹی ایکسپرٹس کی عالمی AI کانفرنس میں شرکت
صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں پنجاب کے مختلف شہروں میں ماحول دوست بسوں کی شمولیت (ترمیمی) کیلئے 3 ارب 53کروڑ 40 لاکھ روپے اور شجاع آباد کینال سسٹم کی اپ گریڈیشن و بحالی کیلئے 95کروڑ 35لاکھ 43 ہزار روپے شامل ہیں۔
اجلاس میں چیف اکانومسٹ محمد مسعود انور، متعلقہ سیکرٹریز، مختلف صوبائی محکموں کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔