پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنماسردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ پرحملہ کرنے والوں کا مواخذہ ہونا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز میں میزبان ثمرعباس سے گفتگوکے دوران لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے9ستمبرکوپارلیمنٹ اورآئین پرحملہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ پارلیمنٹ پرحملہ کرنے میں ملوث ہیں ان کا ہر حال میں مواخذہ ہونا چاہیے۔
ابھی توقومی اسمبلی،سینیٹ مکمل نہیں ہے، مخصوص نشستیں ہمیں نہیں دی گئیں، کل پٹاری سےکیا نکالتے ہیں دیکھ لیں گے۔ لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ بیرسٹرگوہر،صاحبزادہ حامد رضا نےکہاہے ترمیم ہوگی توووٹ نہیں دیں گے۔
الیکشن کمیشن کی بدیانتی واضح طورپرثابت ہوچکی ہے، ہمارا ایک رکن نہیں ٹوٹا، اگرکسی نےسیاسی خودکشی کرنی ہےتواوربات ہے، پاکستان تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین جماعت ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ہماری پارلیمانی پارٹی اپنی جگہ یکجا ہے، فارم 47کی پیداوارحکومت عوام کی نمائندہ نہیں ہے۔ ان کا خواجہ آصف پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہنا تھا کہ خواجہ آصف پارلیمان میں سب سےزیادہ فساد کی جڑ ہے ، خواجہ آصف کوریحانہ ڈارسےشکست ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:پارلیمنٹ سے اپوزیشن اراکین کی گرفتاری پر تحقیقات یقینی بنائی جائیں: عمر ایوب کا مطالبہ
عمران خان سمیت پوری پارٹی علی امین گنڈا پورکےساتھ کھڑی ہے۔ لطیف کھوسہ کا مزید کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں کوئی آئینی اصلاحات نہیں ہورہی، یہ سب بدیانتی ہے، ہمیں بنگلہ دیش کےحالات سےسبق سیکھنا چاہیے، خواجہ آصف اوررانا ثناء اللہ نفرتیں پیدا کررہےہیں، رانا ثنا ءاللہ کوایک صوبےکےچیف منسٹرکودھمکیاں نہیں د ینا بند کریں ۔