لاہور ہائی کورٹ کے احاطے میں پولیس اور وکلاء کے درمیان جھڑپ ، پولیس نے کئی وکلا کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے باہر کشیدگی دوپہر کے قریب اس وقت شروع ہوئیں جب پولیس نے وکلاء کو عدالت کے احاطے میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی۔ پولیس اہلکاروں نے وکلاء پر لاٹھی چارج ، واٹر کینن اور آنسو گیس کا استعمال کرنے کیا ، جھڑپوں کی وجہ سے لاہور ہائی کورٹ کے قریب روڈ ٹریفک میں خلل پڑا جس کی وجہ سے مال روڈ اور ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک تاخیر کا شکار ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: گندم کی سرکاری قیمت فی من 3900 روپے مقرر
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ وکلاء کے پتھراؤ سے ہمارا ایک ایس ایچ او اور ایک کانسٹیبل زخمی ہو گیا ہے۔ وکلاء کے احتجاج پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس زیادہ سے زیادہ صبر اور تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے۔وکلاء کی جانب سے پتھراؤ کے بعد ہمیں آنسو گیس کا استعمال کرنا پڑا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا مزید کہنا تھا کہ ہم تحمل کا مظاہرہ کرتےرہیں گے، جو لوگ خرابی پیدا کرنے کی کوشش کریں گے تو ان کیخلاف قانونی کاروائی کی جائے گی ۔ واضح رہے کہ آج لاہور میں وکلاء کی جانب سے جی پی او چوک میں احتجاج کرتے ہوئے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا اور رکاوٹیں ہٹا کرہائی کورٹ کے اندرداخلے کی کوشش کی گئی ۔