ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں پل کا کردار ادا کرو ں گا، سلیم حیدر

ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں پل کا کردار ادا کرو ں گا، سلیم حیدر

نامزد گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرخان کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی میں پل کا کردار ادا کروں گا۔

میر ی پوری کوشش ہے کہ پنجاب سے متعلق مشکلات کو حل کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کروں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نامزد گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرخان نے کہا کہ آصف علی زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور کا اعتماد کرنے پر شکر گزار ہوں اور ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا ۔ ان کا کہناتھا کہ میں نے جب سے سیاست شروع کی پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ ہوں، امید ہے جب تک ہوں پی پی پی میں رہوں گا۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ گندم بحران کے حوالے سے میرے پاس کوئی مصدقہ اطلاعات نہیں، نگران حکومت یا کوئی اور سیاسی جماعت ملوث تھی یا نہیں، مجھے کچھ معلوم نہیں، گندم کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور کسان اتحاد سے ملاقات کر کے آگے کا لائحہ عمل طے کروں گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ مجبوری کے تحت ہم نے اتحاد کیا۔

آگے بھی مل کر ہی چلنے کا فیصلہ کیا ہے، ہمارے تقریباً 50 فیصد ورکرز دونوں پارٹیوں کے اتحاد کو ایڈمٹ کر چکے ہیں۔ اس موقع پر ایک صحافی نے نامزد گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرخان سے سوال کیا کہ آپ بلاو ل کے امیدوار تھے یا آصف علی زرداری کے؟ جس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کا امیدوار تھا۔واضح رہے کہ پی پی پی رہنما سردارسلیم حیدر خان آج گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ ذرائع کے مطابق نامزد گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے 2 روز قبل اپنے عہدے کا حلف اٹھانا تھا تاہم موجودہ گورنرپنجاب بلیغ الرحمان کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے حلف برداری تقریب ملتوی کر دی گئی تھی ۔حلف برداری تقریب شام 6 بجے صوبائی گورنر ہاؤس میں منعقد ہو گی۔ چیف جسٹس لاہور ہا ئی کورٹ نئے گورنر پنجاب سے حلف لیں گے۔ حلف برداری تقریب میں شرکت کے لئے بلاول بھٹو زرداری آج لاہور پہنچیں گے اور دو دن لاہور میں ہی ٹھہریں گے ۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *