وزیراعلیٰ مریم نواز کا لاہور بلدیات کیلئے 17 گاڑیوں کا تحفہ

وزیراعلیٰ مریم نواز کا لاہور بلدیات کیلئے 17 گاڑیوں کا تحفہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور شہر میں صحت اور صفائی کی صورت حال کو بہتر بنانے اور شہریوں کی سہولت کے لیے شہر کی بلدیہ کو 22 کروڑ مالیت کی 17 گاڑیوں کا تحفہ دے دیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے شہریوں کی سہولت کے لیے 17 گاڑیوں کا تحفہ دیا گیا۔ 22کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت سے خریدی گئی گاڑیوں کو بلدیہ کے حوالے کرنے کے لئے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی نمائندگی کی اور گاڑیوں کی چابیاں بلدیہ کے سپرد کیں ۔ ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن رافعہ حیدر نے گاڑیوں کی چابیاں ان سے وصول کیں ۔ گاڑیوں میں 12 اوپن ٹرک، 2 ڈمپر ٹرک، دو ٹریکٹر ٹرالی اور ایک ایکسکویٹر شامل ہیں۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی برسوں سے بلدیہ عظمیٰ لاہور کے لیے کوئی نئی گاڑی نہیں خریدی گئی تھی اور ادارے میں گاڑیوں کی قلت کی وجہ سے تجاوزات کے خلاف آپریشن میں مشکلات در پیش آرہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے تجاوزات کے خلاف موثر آپریشن کے لیے گاڑیاں خریدنے کی منظوری دی۔ ان کا مزیدکہنا تھا کہ لاہو ر شہر کی آبادی زیادہ ہونے کی وجہ سے مسائل بھی زیادہ ہیں ہم شہر کی ری ویمپنگ کا منصوبہ بنا رہے ہیں اورچند ماہ میں شہر کی حالت بدل کررکھ دیں گے جو آپ کو صاف نظر آئے گا ۔ انہوںنے کہا کہ سابق سرکار نے چلتے ہوئے بلدیاتی نظام کو گھر بھجوا دیا تھا، سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر بھی سابق دور میں بلدیاتی ا لیکشن نہیں کرائے گئے لیکن اب لاہور شہر کی ہر گلی اور محلے میں میونسپل خدمات کی فراہمی کے لئےجامع پلان تیار کیا گیا ہے۔ اب لاہور شہر کی صفائی کے لئے کوئی غفلت اور لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ اور اب لاہور شہر کی صفائی و ستھرائی کے لئے بلدیہ کو اپنے فرائض احسن طریقے سے سرانجام دینے ہوں گے۔ صفائی میں سستی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی ۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *