اسلام آباد میں غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کیلئے سپیشل پروٹیکشن فورس بنانے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اسلام آباد میں امن وامان سےمتعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں آئی جی اسلام آباد پولیس،علی ناصر رضوی نے امن و امان کی صورتحال کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی سمیت تمام ڈی آئی جیز اور سی ٹی او نے بھی شرکت کی۔
وزارت داخلہ کے مطابق جلاس کے دوران اسلام آباد میں غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے سپیشل پروٹیکشن فورس بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ریڈ زون سمیت تمام اہم دفاتر و مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔انہوں نے ایف آئی آر کے اندراج کو 100 فیصد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آر کا اندراج نہ کرنا یا تاخیر کسی طور قبول نہیں،ایف آئی آر درج نہ کرنے پر متعلقہ پولیس افسر کے خلاف کارروائی ہو گی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے پروموشن کیسز کو فوری نمٹانے کا حکم بھی دیا اور کہا کہ ترقی ملازم کا حق ہے جو اسے وقت پر ملنا چاہیے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پرموشن سے پولیس فورس کے مورال میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے اسلام آباد پولیس میں تمام خالی آسامیوں پر بھرتی کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے اسلام آباد میں ٹریفک مسائل کے حل کیلئے جامع پلان طلب کرتے ہوئے ٹریفک جام رہنے والے مقامات کی نشاندہی کرکے قابل عمل حل تجویز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد سیف سٹی کے نظام کو لاہور سیف سٹی کی طرح جدید تقاضوں سے لیس کرنا ہو گا، اسلام آباد میں تھانوں کی حالت کو بہتر کررہے ہیں، چند مہینوں میں اچھے نتائج ملیں گے۔