وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احنس اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی ٹیم بھارت بھیجنے کیلئے تیار ہے ، بھارت کو بھی چیمپیئنز ٹرافی کیلئے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنی چاہیے۔
احسن اقبال نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو کھیلوں کو سیاست سے علیحدہ رکھنا چاہیے، ماضی میں دونوں ممالک کے بیچ کشیدگی رہی ہے لیکن یہ کبھی کھیلوں پر اثرا انداز نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت چاہیے کہ وہ چیمپیئنز ٹرافی کیلئے اپنی ٹیم پاکستان بھیجے ، پاکستان اپنی کرکٹ ٹیم بھارت بھیجنے کو تیار ہے۔ بھارت اور پاکستان کو تعلیم کھیلوں صحت کے شعبے میں مقابلہ کرنا چاہیے۔
چیئرمین پی سی بی کاردعمل :
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )محسن نقوی نے گزشتہ ہفتے روہت شرما کی جانب سے پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کی خواہش پر اپنے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ قومی ٹیم کا شیڈول بہت مصروف ہے،پہلے بھارتی ٹیم ایونٹ میں پاکستان آئے پھر کوئی آپشن دیکھیں گے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کےلئے انٹرنیشنل کمپنیوں سے رابطے کی وجہ سے ایک، ڈیڑھ ماہ کی تاخیر ہوئی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ قذافی اسٹیڈیم کے قریب ہوٹل کی تیاری کیلئے اخراجات کا محتاط انداز میں جائزہ لیا جارہا ہے، پی ایس ایل ونڈو کے حوالے سے فرنچائزز سے بات چیت جاری ہے۔چئیرمین پی سی بی نے کہا کہ انٹرکلب ٹورنامنٹ میں 3300 سے زائد کلبز شریک ہوں گے، 7200 میچز جولائی تک مکمل ہوں گے، بہترین کرکٹرز کو اکیڈمی میں ٹریننگ دیکر قومی ٹیم کا بیک اپ تیار کریں گے۔