نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز،ٹیم ہیڈ کوچ کا بابر اعظم سے متعلق اہم بیان

نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز،ٹیم ہیڈ کوچ کا بابر اعظم سے متعلق اہم بیان

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں کپتان بابر اعظم کو آرام کا موقع دے سکتے ہیں۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز بہت اہم ہے تاہم ہم اپنے اسکواڈ سے بہت مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں دو آل راؤنڈر فاسٹ باؤلرز جب کہ بہترین بلے باز بھی موجود ہیں، محمدعامر اور عماد وسیم کے آنے سے ٹیم مزید مضبوط ہوئی ہے۔ قومی ٹیم کے ہیڈ کو چ ا ظہر محمود نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی جو ٹیم پاکستان آئی ہے اس میں اچھے کھلاڑی موجود ہیں جن کا اپنا بہترین ریکارڈ ہے جب کہ ٹی 20 میں کوئی ٹیم کمزور نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ سے پہلے12 اہم میچز ہیں، چھ جون کو جب پہلا میچ کھیلیں تو کافی سیکھ چکے ہوں گے۔ اظہر محمود نے کہا کہ عباس آفریدی، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں جب کہ میں عامر جمال کو بہت پسند کرتا ہوں کیونکہ وہ مستقبل کا ایک بہت بڑا آل راؤنڈر ثابت ہوسکتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ بہتر سائیڈ کے لیے نیوزی لینڈ کی سیریز کے دوران تجربات کریں گے، ہمارے پاس اوپنرز زیادہ ہیں تو اس میں تبدیلیاں کرسکتے ہیں جبکہ بابر اعظم کو بھی آرام کا موقع مل سکتا ہے۔

اظہر محمود نے کہا کہ پاکستان کے پاس بہت سارے باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں، اب بس ہمیں اُن کو انٹرنیشنل مقابلوں کا کھلاڑی بنانے پر کام کرنا ہوگا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے میچ میں ہی معلوم ہوگا کہ اوپننگ کون سے کھلاڑی کرتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں اظہر محمود نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی سپر فٹ ہے اور اُن کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ فٹنس کیمپ سے متعلق سوال پراظہر محمودنے کہا کہ کاکول کی فٹنس سے سب مطمئن ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف 5 ٹی20 میچز کی سیریز جمعرات کو شروع ہوگی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *