شیخوپورہ کی 5 نشستوں کے الیکشن نتائج تبدیل کروانے کیلئے 90کروڑ روپے خرچ کیے گئے، سینئر ن لیگی رہنما جاوید لطیف کا انکشاف۔
مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما میاں جاوید لطیف نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں انکشا ف کیا ہے کہ ان کے حلقے میں الیکشن کے رزلٹ کو مینیج کرنے کیلئے 90کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کی گئی۔ جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ یہی رقم شیخوپورہ کیلئے خرچ کی جاتی تو شیخوپورہ پیرس بن جاتا۔انٹرنیشنل اسمگلرنے ان سیٹوں کیلئے ڈیل کی اور اس بڑا ظلم کیا ہوگا کہ 9اور 10مئی کے لوگوں کے پیسے کیلئے سہولتکاری بھی کی گئی۔ن لیگی رہنما نے دعویٰ کیا ہے کہ الیکشن میں جان بوجھ کر مسلم لیگ (ن)کو اکثریت حاصل نہیں کر نے دی گئی۔ پر ی پول دھاندلی اور پھر الیکشن کے دن جو کچھ ہوا، نواز شریف کے سینے میں بہت سے راز دفن ہیں ۔وہ تین باروزیراعظم رہے مگر انہوں نے مقبولیت کیلئے کوئی بیان نہیں دیا اور نہ کوئی سائفر لہرایا۔
واضح رہے کہ میاں جاوید لطیف کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 115میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار خرم شہزادسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔خرم شہزاد نے 66189 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ جاوید لطیف 42091 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پرتھے۔
جاوید لطیف نے کچھ دن قبل ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ نواز شریف کیساتھ دھوکہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ بدقسمتی 2024 کے الیکشن کا ڈیزائن 2018 سے مختلف نہیں، یہ ایک حقیقت ہے کہ بغض نواز شریف میں نواز شریف کے ساتھ دھوکا کیا گیا، رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، انہوں نے کہا کہ صرف نواز شریف سے نہیں بلکہ اس ریاست، قوم اور نظام کے ساتھ دھوکا ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے نظریے اور سوچ کو یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ شاید ہم نے دفن کردیا، اس طرح ہوتا نہیں ہے اور نہ ہم اس کو دفن ہونے دیں گے، کیا یہ حقیقت نہیں کہ مجھے تو نواز شریف کے نام پر ووٹ ملے ہیں، نواز شریف کو خود تو ہروا دیا جائے، ان کی جیت کو بھی مشکوک کردیا جائے، ہم یہ سب دیکھ رہے ہیں لیکن قوم حقیقت جان رہی ہے۔