سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے ماہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں الحرمین الشریفین آنے والے زائرین کو ہدایت کی ہے کہ زائرین احتیاطی تدابیر پر عمل اور ماسک استعمال کریں۔
وزارت حج وعمرہ کی جانب سے زائرین الحرمین کے لیے چار نکاتی احتیاطی تدابیر جاری کی ہیں جن پرعمل کرنے کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے۔ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے آخری ایام میں دنیا بھر سے آنے والے زائرین کی بڑی تعداد مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں موجود ہے۔حرمین میں ازدحام سے بچنے کےلیے سکیورٹی اہلکاروں کی ہدایات پرعمل کریں۔سکیورٹی اہلکارآپ کی رہنمائی اور خدمت کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔ راہداریوں میں بیٹھنے سے گریز کریں تاکہ گزرنے والوں کو دشواری نہ ہو۔
جاری ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ ازدحام کے مقامات پر زائرین ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں تاکہ صحت متاثر نہ ہو ۔ماسک پہننے سے قبل اس بات کی یقین دہانی کرلیں کہ ماسک نیا ہو استعمال شدہ ماسک کو کوڑے دان میں تلف کریں سڑکوں پر نہ پھینکا جائے۔