نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نے جنوری 2025 سے قومی شناختی کارڈ اور ب فارم کی فیس میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت داخلہ کے تحت نادرا کی جانب سےیہ فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت ملک کے شہریوں کے لیے ضروری دستاویزات کی سہولت بدستور برقرار رہے گی۔ شناختی کارڈ، جو ڈرائیونگ لائسنس، نیشنل ٹیکس نمبر (این ٹی این) بینک اکاؤنٹ، پاسپورٹ اور موبائل فون کنکشن جیسی خدمات کے لیے لازمی ہے، پاکستان کے تمام 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے شہریوں کے لیے ایک اہم ضرورت ہے۔ یہ کارڈ نہ صرف شناخت کی تصدیق کے لیے بلکہ صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولتوں سے مستفید ہونے کے لیے بھی ناگزیر ہے۔
نادرا کے مطابق نئے سمارٹ قومی شناختی کارڈ کی معیاری فیس 750 روپے برقرار رکھی گئی ہے۔ ہنگامی بنیادوں پر کارڈ حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے فیس 1500 روپے مقرر ہے جبکہ ایگزیکٹو کیٹیگری کی فیس 2500 روپے ہوگی۔
دوسری جانب چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ، جوب فارم کے نام سے مشہور ہے، نادرا میں نوزائیدہ بچوں کی رجسٹریشن کے لیے ایک اہم دستاویز ہے۔ اس کی معیاری فیس 50 روپے مقرر ہے جبکہ ایگزیکٹو سروسز کے تحت یہ 500 روپے میں حاصل کیا جاسکتا ہے۔
نادرا نے اپنے تمام مقامی رجسٹریشن سینٹرز پر یہ سہولت فراہم کر رکھی ہے، جہاں شہری ضروری دستاویزات کے ہمراہ بآسانی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔