لاہور: ٹریفک پولیس نے رواں ماہ بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائیوں کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد چالان ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق لاہور میں 36 ہزار شہریوں کو بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر چالان کیا گیا۔ اس کے علاوہ گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں 9 ہزار جبکہ راولپنڈی میں 14 ہزار افراد کو بغیر لائسنس گاڑی چلانے کے جرم میں چالان کیے گئے۔ ایڈیشنل آئی جی ٹریفک نے تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو ہدایت دی ہے کہ وہ بلا تفریق کارروائی جاری رکھیں تاکہ لائسنس کی چیکنگ کا عمل موثر ہو۔
ایڈیشنل آئی جی نے مزید کہا کہ بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے افراد اکثر حادثات کا سبب بنتے ہیں اور ان کے خلاف 2000 روپے کے جرمانے اور قانونی کارروائی بھی کی جا رہی ہے۔ شہریوں کو بغیر جرمانے اور قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوانا ضروری ہے۔
اس موقع پر انہوں نے شہریوں کو لائسنس کے حصول کے لیے آن لائن ڈیجیٹل پورٹل، خدمت مراکز اور لائسنس سینٹر کی سہولتیں فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ ایڈیشنل آئی جی نے اس بات کو بھی واضح کیا کہ ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح شہریوں کو محفوظ سفر فراہم کرنا ہے۔
پنجاب کے شہریوں کو آن لائن لرنر لائسنس بنوانے کے لیے ویب سائٹ (https://dlims.punjab.gov.pk/login) پر اکاﺅنٹ بنا نا ہو گا اور ایپلی کیشن فارم بھرنا ہو گا اور مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کرنی ہوں گی۔ اسی پلیٹ فارم کے ذریعے درخواست دہندہ کو ’پے منٹ سلپ آئی ڈی‘ دی جائے گی، جس پر صارف اپنے اے ٹی ایم کارڈ، آن لائن بینکنگ یا موبائل بینکنگ چینلز کے ذریعے ادائیگی کر سکتا ہے۔ اس ایپلی کیشن فارم میں درخواست دہندہ کو اپنی تصویر، قومی شناختی کارڈ کی دونوں طرف سے سکین شدہ کاپی اور درخواست دہندہ کی عمر 50سال سے زائد ہونے کی صورت میں کسی سرکاری ڈاکٹر کے تصدیق شدہ میڈیکل سرٹیفکیٹ کی نقل اپ لوڈ کرنی ضروری ہے۔