اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے سمندرپار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق کیس میں اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ انتخابات سے پہلے حل کرنا انتہائی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سمندرپار پاکستانیوں کو انتخابی عمل میں شامل کیے بغیر جمہوری عمل مکمل نہیں ہو سکتا۔
شیخ رشید نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ وہ حساس معاملات پر گفتگو کرنے سے گریز کر رہے ہیں لیکن 190 ملین پاؤنڈ کے کیس کا بانی تحریک انصاف پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے حوالے سے ان کا موقف تھا کہ اگر شہادتوں کی بنیاد پر جوڈیشل کمیشن نہ بنایا گیا تو مسائل کا حل نکلنا مشکل ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ مذاکرات کی اہمیت تب ہی ہوگی جب جوڈیشل کمیشن کو قبولیت حاصل ہو۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ ان کا کسی سیاسی جماعت کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہوا اور موجودہ صورتحال میں انہیں سیاسی مستقبل کے حوالے سے تنہا ہی فیصلے لینے ہیں۔ امریکی سیاست پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے مختصر طور پر کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا حلف لینا ناگزیر تھا اور یہ بالآخر ہونا ہی تھا۔