کرم کے علاقے بگن میں 19 سے 21 جنوری کے دوران ضلعی انتظامیہ، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں غیر قانونی ہتھیار اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران مقامی مشران اور عوام نے بھرپور تعاون کیا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف معلومات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا۔ حکام نے اسے علاقے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے ایک بڑا قدم قرار دیا۔ یہ آپریشن حالیہ واقعات کے پس منظر میں کیا گیا جن میں کھانے پینے کا سامان لے جانے والے قافلے پر حملہ شامل تھا۔ حکام نے اس حملے کے بعد دہشت گردوں اور شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا تھا۔
سرچ آپریشن کے بعد آج امدادی سامان لے کر ایک قافلہ پاراچنار کے لیے روانہ ہونے کا امکان ہے۔ فریقین کے درمیان کیے گئے امن معاہدے کے تحت آئندہ بھی کسی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ حکومت نے اس کامیاب آپریشن کو علاقے کے امن و استحکام کی بحالی اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا ہے۔