سینیٹر فیصل واوڈا نے عمران خان کو190ملین پائونڈ کیس میں سزا کی پیشنگوئی کر دی۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 190ملین پائونڈ اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، اس کیس میں عمران خان کو سزا ضرور ہوگی۔ جو جرم کیا ہے اس کی سزا توضرور ہوتی ہے۔ میں نے عمران خان کو بتایا تھا کہ 190 ملین پائونڈ کیس ضرور بنے گا۔ مقبول ہونے کا مطلب قانون سے بالاتر ہونا نہیں ہے۔ عمران خان اب میرے لیڈر نہیں ہیں، جن کے ہیں وہ فکر کریں۔ پی ٹی آئی نے ملکی تنصیبات پر حملہ کیا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ میں 4 سال سے عمران خان کو لڑائی سے روکتا رہا لیکن وہ نہیں رکے۔ عمران خان کے اپنے ہی لوگ انہیں جیل میں رکھنا چاہتے ہیں۔ عمران خان کے قریبی لوگوں نے انہیں مارنے کی سازش بھی کی ہے۔ عمران خان کو کہتا رہا ان حواریوں کی بات نہ مانیں۔ مجھے آج بھی عمران خان کی جان کے حوالے سے خدشات ہیں۔ آج پی ٹی آئی والے اقتدار کے مزے لے رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے لوگ ناکردہ چیزیں بھی عمران خان پر تھوپ رہے ہیں۔ عمران خان کو کوئی ایگزیکٹو آرڈر نہیں ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال ملک کیلئے بہتر ثابت ہوگا۔ ایس آئی ایف سی کے پلیٹ فارم سے ملکی معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ آرمی چیف کی بدولت پاکستان کو بڑی کامیابی حاصل ہونے جارہی ہے۔ پاکستان کی معاشی ترقی کو اب کوئی نہیں روک سکتا۔ پاکستان اب خطے میں بڑا متحرک نظر آئیگا۔ عمران خان ٹرمپ کارڈ کھیلنا چھوڑ دیں۔ 20 جنوری سے پہلے پی ٹی آئی کیلئے سرپرائز اور پاکستان کیلئے اچھا ہونیوالا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں مذاکرات کا بڑا حامی ہوں، جمہوریت کا حسن ہی بات چیت ہے تاہم بے ایمانی نہیں ہونی چاہئے۔ پی ٹی آئی اور حکومت مذاکرات میں چھپن چھپائی کھیل رہے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما عمران خان کو جیل میں رکھنا چاہتے ہیں اور ان کیلئے مشکلات بڑھائی جارہی ہیں۔