چین کی معروف الیکٹرک کار کمپنی BYD نے اپنی نئی پریمیئم الیکٹرک سُپر کار ”یینگ وینگ 9U“ کی ایک ویڈیو جاری کی ہے، جس میں یہ کار بغیر کسی ڈرائیور کے مختلف رکاوٹوں کو اُچھل کر عبور کرتی دکھائی گئی ہے، یہ منفرد گاڑی خاص طور پر اپنی اس حیرت انگیز صلاحیت کی وجہ سے توجہ کا مرکز بنی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈرائیو کے دوران سڑک پر مختلف رکاوٹیں لگائی گئی تھیں جن میں ایک پانی سے بھرا ہوا 2.5 میٹر لمبا گڑھا تھا اور دوسری رکاوٹ سڑک پر بچھائے ہوئے 3.5 سینٹی میٹر کی کیلیں۔ گاڑی ان دونوں رکاوٹوں کو آسانی سے اچھل کر عبور کرتی ہے۔
یینگ وینگ 9U کی سب سے بڑی خصوصیت اس کا ہائیڈرولک سسٹم اور ڈیسیس ایکس سسپنشن ہے، جس کی مدد سے یہ گاڑی رکاوٹوں کو اُچھل کر عبور کر سکتی ہے۔
بی وائی ڈی کے مطابق U9 کار 6 میٹر تک ہوا میں رہنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جو اسے ایک منفرد سُپر کار بناتی ہے۔
یینگ وینگ 9U میں ایڈوانس ڈرائیور اسسٹنس سسٹم (ADAS) بھی موجود ہے، حالانکہ اس کی مکمل تفصیلات ابھی تک ظاہر نہیں کی گئی ہیں۔ بی وائی ڈی نے بتایا ہے کہ اس گاڑی کی ترقی میں DJI اور Horizon Robotics جیسی کمپنیوں کی معاونت حاصل ہے، جو اس گاڑی کی خودکار خصوصیات کو مزید بہتر بنانے میں مدد فراہم کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب : ادارہ حرمین کی جانب سے زائرین کیلیے اہم ہدایات جاری