اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے حج درخواستیں جمع کرانے سے رہ جانے والے عازمین کے لیے خوشخبری سنا دی ہے۔ 10 جنوری سے”پہلے آئیے پہلے پائیے” کی بنیاد پر درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق سرکاری حج سکیم کے تحت 5 ہزار عازمین فریضہ حج ادا کر سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق اب تک سرکاری حج سکیم کے تحت 81 ہزار 500 حج درخواستیں موصول ہو چکی ہیں اور باقی رہ جانے والے 5 ہزار عازمین کے لیے درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ تمام نامزد بینک روزانہ کی بنیاد پر جمع شدہ درخواستوں کو فوراً پورٹل پر اپ لوڈ کریں گے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق نئے درخواست گزاروں کو پہلی دو قسطوں کی مد میں 6 لاکھ روپے جمع کروانے ہوں گے۔ مزید برآں قربانی یا الگ کمرے کے اضافی اخراجات بھی ہوں گے۔ درخواستوں کی تعداد مکمل ہونے پر ان کی وصولی فوری طور پر روک دی جائے گی۔