ضلع کرک میں فتنہ الخوارج کے خلاف دوران آپریشن جام شہادت نوش کرنے والے بہادر سپوتوں کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 6 اور 7 جنوری کو ضلع کرک میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف دوران آپریشن شدید فائرنگ کے تبادلے میں جام شہادت نوش کرنے والے تین بہادر سپوتوں کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
شہداء میں لانس حوالدار عباس علی (عمر 38 سال، ساکن ضلع غذر)، نائیک محمد نذیر (عمر 37 سال، ساکن ضلع سکردو) اور نائیک محمد عثمان (عمر 37 سال، ساکن ضلع اٹک) شامل ہیں۔ شہداء کی نماز جنازہ میں پاک فوج کے سینئر افسران، جوانوں، شہداء کے لواحقین اور علاقہ کے عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ان عظیم سپاہیوں کی قربانیاں پاکستان کی سکیورٹی فورسز کے دہشتگردی کے خلاف عزم کو مزید مستحکم کرتی ہیں۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے اور امن قائم کرنے کے لیے پرعزم ہیںاورہمارے شہداء کی قربانیاں اس جنگ میں ہمارے عزم اور حوصلے کا قیمتی اثاثہ ہیں۔