امریکہ کی سات ریاستوں میں شدید برفانی طوفان کی وجہ سے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق جن ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے اُن میں کنساس، مسوری، کینٹکی، ورجینیا، مغربی ورجینیا، آرکنساس اور نیویارک شامل ہیں۔
امریکہ کی ان سات ریاستوں میں تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں جبکہ متعدد ہوائی اڈوں پر پروازوں کو یا تو معطل کر دیا گیا ہے یا پھر پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔
برفانی طوفان کی وجہ سے متاثر ہونے والی ریاستوں میں سے کینٹکی، انڈیانا، میری لینڈ، واشنگٹن ڈی سی اور ورجینیا میں سکول پہلے ہی بند کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے تاہم امریکہ بھر میں ہی تقریباً چھ کروڑ افراد کو اس شدید موسمی صورتحال میں محتاط رہنے کے لیے کہا گیا ہے۔
امریکہ کی برفانی طوفان سے متاثرہ ریاستوں میں لوگوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے منع کیا گیا ہے۔
مجموعی طور پر 30 امریکی ریاستوں کو شدید موسمی صورتحال کے تحت محتاط رہنے کا کہا گیا ہے کیونکہ طوفان کے ملک بھر میں مشرق کی طرف بڑھنے کا امکان ہے۔
امریکی ریاست کنساس کے شمال مشرق میں تمام شاہراہوں کو بند کر دیا گیا ہے اور ریاست میسوری کی سرحد کے قریب واقع کنساس سٹی ہوائی اڈے سے ہزاروں پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
امریکی ریاست کنساس میں منفی 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک کی شدید سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔
امریکی محکمہ موسمیات نے واشنگٹن ڈی سی اور فلاڈیلفیا سمیت کئی بڑے شہروں میں شدید برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔