راجہ پرویز اشرف نے مذاکرات کو مثبت قدم قراردیتے ہوئے کہا کہ ملک کو اتحاد کی ضرورت ہے اورزرداری، نواز اور عمران کے ممکنہ ایک میز پر بیٹھنے کا اشارہ دیا۔
اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف نے موجودہ سیاسی صورتحال پر اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کا ماحول سازگار ہے اور وقت آنے پر آصف علی زرداری، نواز شریف، اور عمران خان ایک ساتھ بیٹھ سکتے ہیں۔
تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ مطالبات پیش نہیں کیے گئے، تاہم کارکنان کی رہائی اور جوڈیشل کمیشن کے قیام کی بات کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے نمائندے اپنے قائد سے مشاورت کے لیے وقت طلب کر چکے ہیں۔
ایک اور میثاق جمہوریت کے امکان کے حوالے سے سوال پر راجہ پرویز اشرف نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں قومی سطح پر اتفاق رائے وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی مسائل اور غیریقینی کی موجودہ صورتحال سے نکلنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک ساتھ بیٹھ کر حل تلاش کرنا ہوگا۔
راجہ پرویز اشرف نے مذاکراتی عمل کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اگر سیاسی قیادت سنجیدگی سے آگے بڑھے تو بڑے فیصلے ممکن ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملک کی بہتری کے لیے اتحاد کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے۔