پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کیساتھ کھڑے تھے اورانشاءاللہ ہمیشہ کھڑے رہیں گے ۔
شاہ محمود قریشی نے عدالت پیشی سے قبل مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے سائفر کیس میں اڈیالہ جیل میں قید ہوئے تھے، لیکن اللہ نے انہیں سرخرو کیا۔ اب وہ 9 مئی کے جھوٹے کیسز میں لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔
انہوں نے جہاں کھڑا تھا، وہیں کھڑا ہوں، اور جہاں پڑا تھا، وہیں پڑا ہوں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے ساتھ اپنی وفاداری کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ عمران خان کے ساتھ رہیں گے۔
انہوں نے 24 نومبر کو عمران خان کی طرف سے قوم کو اظہار یکجہتی اور اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کی دعوت دینے کا ذکر کیا۔
شاہ محمود قریشی نے تمام سیاسی رہنماؤں اور کارکنان سے اپیل کی کہ وہ بانی پی ٹی آئی کی کال پر باہر نکلیں، اور پرامن رہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ قانون کو ہاتھ میں نہ پہلے لیا تھا اور نہ ہی اب لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج ان کا آئینی اور قانونی حق ہے۔